اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی نئی لہر نے عوام کو ایک اور دھچکا دے دیا ہے، جب معروف گھی اور کوکنگ آئل تیار کرنے والی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں 10 سے 15 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا ہے۔ اس اچانک اضافے سے متوسط اور نچلے طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں 16 کلو گھی کا ڈبہ اب 8,550 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ 5 کلو کے آئل پیک کی قیمت بڑھ کر 2,800 سے 2,850 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں گھی فی کلو 535 روپے اور کوکنگ آئل فی لیٹر 572 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مختلف برانڈز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر کنگ آئل کا 10 لیٹر کین اب 6,400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ دیگر مشہور برانڈز کے 5 لیٹر اور 1 کلو پیکٹس کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔
شہریوں نے قیمتوں میں اس اضافے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے استعمال کی بنیادی اشیاء اب ان کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عام آدمی کا گزارا ممکن نہیں رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک سعودی معاہدہ اسلامی دنیا کی وحدت کے لیے نقطۂ آغاز ثابت ہوگا،مولانا فضل الرحمان
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ ڈالر کی قیمت خام مال کی درآمد پر انحصار، اور ٹیکسوں کی بھرمار جیسے عوامل بھی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ تاہم حکومتی سطح پر ابھی تک اس اضافے کو روکنے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات سامنے نہیں آئے۔





