ہنگو : ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کی قیادت میں ہنگو سٹی پولیس نے علاقہ بنگش چھپر میں فتنہ الخوارج کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاعات پر بھرپور سرچ آپریشن کیا۔
آپریشن میں ایس پی آپریشن اسد زبیر خان، ڈی ایس پی سٹی امجد حسین، ڈی ایس بی انچارج سمیت دیگر افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق اطلاعات تھیں کہ فتنہ الخوارج سے وابستہ کمانڈر مصور اور کلیم اللہ گروپ کے کارندے رات کے وقت بنگش چھپر میں ایک دکان سے خریداری کے بعد قریبی مسجد میں قیام کرتے تھے۔
اسی بنیاد پر مشتبہ دکاندار سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ علاقے میں سخت نگرانی کا نظام قائم کر دیا گیا ہے۔
سرچ آپریشن کے دوران مشکوک ٹھکانوں کی تلاشی لی گئی، بنگش چھپر کی تمام مساجد کا معائنہ کیا گیا، اور علما کرام سے خصوصی ملاقاتیں کر کے سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پولیس نے علاقے کے معزز مشران سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج یا ان کے سہولت کاروں کی کسی بھی سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے۔
ڈی پی او خان زیب مہمند نے آپریشن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج اور امن و امان کے دشمنوں کے لیے ہنگو کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا
ایسے عناصر کو ہر حال میں کچلا جائے گا اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے شرپسندوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ علاقے میں مستقل امن و استحکام قائم ہو سکے۔





