بٹگرام (پختون ڈیجیٹل):ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشتیاق احمد نے ضلع بھر میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
یہ اقدام ضلع بٹگرام کی حدود میں قیمتی جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اب غیر قانونی طور پر چینسا مشینوں اور آرا مشینوں کا استعمال سختی سے ممنوع ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اشتیاق احمد نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ جنگلات کی کٹائی میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف بلاتاخیر کارروائی کی جائے تاکہ ضلع کے قدرتی جنگلات کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جنگلات قدرتی دولت ہیں، جن کی حفاظت نہ صرف ماحولیات بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو: ڈی پی او خان زیب کی قیادت میں فتنہ الخوارج کے خلاف سرچ آپریشن، متعدد مشکوک افراد گرفتار
غیر قانونی کٹائی سے جنگلات ختم ہونے کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کا مسکن اور ماحولیاتی توازن بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ماحول کے تحفظ میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔





