نیو یارک : وزیراعظم محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک پہنچ گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اجاگر کریں گے اور عالمی اہم امور پر پاکستان کی پوزیشن پیش کریں گے۔
وزیراعظم اجلاس کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کی اعلیٰ سطحی میٹنگ، اور موسمیاتی کارروائی سے متعلق خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ منتخب اسلامی رہنماؤں کی ملاقات میں بھی شریک ہوں گے جہاں علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے تاکہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بٹگرام میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی پر دفعہ 144 نافذ
یہ اجلاس عالمی رہنماؤں کا سب سے بڑا سالانہ اجتماع ہے جس میں وزیراعظم کی شرکت پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات اور اقوام متحدہ کے ساتھ مضبوط عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان امن، ترقی اور عالمی تعاون کے مشترکہ اہداف کے لیے پرعزم ہے۔





