پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ تعلیم نے پشاور بورڈ کے تحت سرکاری اسکولوں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی تازہ ترین تفصیلات پیش کیں۔
محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق پشاور بورڈ کے تحت کل 1619 سرکاری سکول فعال ہیں جن میں 891 مردانہ اور 728 زنانہ سکول شامل ہیں۔ اساتذہ کی مجموعی تعداد 16,300 ہے جن میں سے 6,985 مردانہ اور 9,315 زنانہ اساتذہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی کل تعداد 27 لاکھ 22 ہزار 225 جبکہ طالبات کی تعداد 26 لاکھ 99 ہزار 416 تک پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران طلبہ و طالبات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حماس کو چھوڑو، فلسطین تسلیم کرو، اٹلی کا کڑا موقف سامنے آ گیا
مزید تفصیلات کے مطابق 2020 میں لڑکوں کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 396 تھی جو کہ 2024 تک بڑھ کر 2 لاکھ 56 ہزار 498 ہو گئی ہے۔ اسی طرح لڑکیوں کی تعداد 2020 میں ایک لاکھ 70 ہزار تھی جو 2024 میں 2 لاکھ 21 ہزار 739 تک پہنچ گئی۔
محکمہ تعلیم نے اس اضافے کو تعلیمی نظام کی بہتری اور بڑھتے ہوئے رجحان کا مظہر قرار دیا ہے۔





