وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملک کے تمام اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کی پالیسی ہمیشہ سے مذاکرات پر مبنی رہی ہے، اور مسائل کا حل بھی بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے واضح کیا کہ جب انہوں نے مذاکرات کی بات کی تو ان کا مذاق اُڑایا گیا، لیکن آج وقت نے ثابت کیا ہے کہ افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ بات چیت ہی خطے کے دیرپا امن کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کرکٹ کے میدان کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ میچ صرف کھیل نہیں بلکہ ایک جذبے کا اظہار ہوتا ہے، قومی ٹیم کو پوری قوم کی دعائیں اور سپورٹ حاصل ہے، اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان ٹیم میدان میں بھرپور کارکردگی دکھائے گی۔
دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی، جس پر انہوں نے عدالت کا شکریہ ادا کیا اور عدلیہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔





