شیرافضل مروت کا پی ٹی آئی کی کمزوری پر کڑا ردعمل، جلسے کی ناکامی کی وجہ بتادی

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ پارٹی سے نکالے جانے کے بعد پی ٹی آئی کی کارکردگی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی اب بھی عوام میں مقبول ہے مگر غلط حکمت عملیوں کی وجہ سے اپنی مقبولیت کھو رہی ہے۔ انہوں نے 5 اگست کو ہونے والے جلسے کو بھی پارٹی کی ناکامی قرار دیا۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جلسے کے لیے تو کال دی گئی مگر کوئی منظم مہم نہیں چلائی گئی، جس کی وجہ سے عام لوگوں کو اس میں شامل ہونے کی ترغیب نہیں دی جا سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو جلسے کی ذمہ داری سونپی گئی مگر وہ بھی مہم کے حوالے سے مؤثر نہیں رہے۔

سابق رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر جلسے کی مہم شروع نہیں کریں گے، جب وہ خود ملاقات کے لیے طلب کریں گے تو ضرور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آپ کو کسی پر مسلط نہیں کریں گے، اور بانی سے بطور وکیل عدالت میں ملاقات کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پختونخوا میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پی ٹی آئی حکومت ہے، اختیار ولی

شیرافضل نے واضح کیا کہ عوام کو اچھی طرح معلوم ہے کہ کون کس کردار میں ہے، اور پارلیمانی کمیٹی کی کارکردگی بھی مایوس کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت کا کوئی ایسا فیصلہ دکھائیں جو کامیاب ہو۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ اگر وہ خیبر پختونخوا کے جلسے میں جاتے تو چار گنا زیادہ لوگ شامل ہوتے، اور پارٹی کارکنان ان کے موقف سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

Scroll to Top