فیلڈ مارشل اور ایئرچیف کی قیادت میں بھارت کو ناکوں چنے چبوائے،7 بھارتی طیارے مارگرائے،شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل اور ایئرچیف کی قیادت میں بھارت کو ناکوں چنے چبوائے،7 بھارتی طیارے مارگرائے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا اور اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر جنرل اسمبلی کی صدر کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مشکل حالات میں جرات مندانہ قیادت کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کی دنیا پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہوچکی ہے، جہاں تنازعات میں شدت آ رہی ہے، عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، انسانی بحران بڑھ رہے ہیں، دہشتگردی ایک سنگین خطرے کی صورت اختیار کر چکی ہے، جب کہ گمراہ کن پروپیگنڈا اور جعلی خبریں عوامی اعتماد کو مجروح کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ہماری بقاء کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی قائداعظم محمد علی جناح کے وژن پر مبنی ہے جو پرامن بقائے باہمی اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتی ہے۔

وزیراعظم نے یاد دہانی کرائی کہ گزشتہ سال اسی فورم پر پاکستان کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا تھا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اور وہ انتباہ اس وقت حقیقت بن گیا جب رواں سال مئی میں پاکستان کو مشرقی سرحد سے بھارتی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے پر پاکستان کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کو مسترد کر کے انسانی المیے کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی۔ بھارت نے شہری علاقوں پر حملے کر کے معصوم جانوں کو نشانہ بنایا اور پاکستان کی قومی سلامتی اور سرحدی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قیادت میں جرات مندانہ کارروائی کی، جس میں بھارت کے سات جنگی طیاروں کو تباہ کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستانی افواج، شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جانبازوں کی قربانیاں ہمیشہ عزت و وقار سے یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے شہداء کی ماؤں کے حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہی کی بدولت قوم کا سر ہمیشہ بلند رہے گا۔

Scroll to Top