نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ایک بھارتی صحافی نے طنزیہ انداز میں سوال پوچھا پاکستان دہشتگردی کب ختم کرے گا؟
اس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس دہشتگردی کو ختم کر رہا ہے جو بھارت نے مسلط کی ہے، اور ان کا جواب سن کر بھارتی صحافی خاموش ہو گیا۔
وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے امریکی صدر کا جنگ بندی میں کردار تسلیم کیا اور 24 کروڑ پاکستانیوں کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر کا فیصلہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اہم ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری پر بھی بات ہوئی، اور صدر ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا تعلقات میں پاکستان کا ثالثی کردار ممکن ہے، خواجہ آصف
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر معاہدے ہوئے ہیں، جو دونوں ملکوں کے تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔





