اسلام آباد: اسلام آباد میں قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں ازبک اسپیکر نورالدین مویدن خانویخ اسماعیلوف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، علاقائی استحکام، اقتصادی تعاون اور پارلیمانی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ تاشقند دورے کو دوطرفہ تعلقات میں نئے دور کا سنگِ میل قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر کے افراد کے لیے خوشخبری: یو اے ای نے ویزہ پالیسی نرم کر دی
دورہ تاشقند میں 10 مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کے علاوہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی توقع ہے۔
قائم مقام صدر نے مزید بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے 51 ویں اجلاس کے موقع پر جون 2025ء میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط کیے جائیں گے، جو مستقبل میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔





