حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اجازت دے دی،نوٹیفیکیشن جاری

حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل بنیادوں پر درآمد کی اجازت دے دی ہے اور وزارت تجارت نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ضروری ترامیم کی گئی ہیں جس کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمدات اب ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات کی سخت پابندیوں کے ساتھ ممکن ہوں گی۔

وزیر خزانہ کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 24 ستمبر کو اس فیصلے کی منظوری دی تھی، جہاں استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمدات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کے بعد تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔

ای سی سی کے فیصلے کے مطابق، ابتدائی طور پر صرف پانچ سال یا اس سے کم پرانی گاڑیوں کو 30 جون 2026 تک درآمد کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ اس تاریخ کے بعد عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا،فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

فیصلے کے مطابق 5 سال سے کم عمر استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد کی جائے گی۔ یہ اضافی ڈیوٹی 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی اور اس کے بعد ہر سال 10 فیصد کم ہوتی جائے گی تاکہ 2029-30 تک مکمل طور پر ختم ہو جائے۔

Scroll to Top