راولپنڈی:پاک فوج کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ فتح 4 میزائل حال ہی میں پاک فوج میں شامل کیا گیا ہے اور اس کی رینج 750 کلومیٹر ہے۔
آ ئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید ٹیرین ہگنگ صلاحیت کے ساتھ لیس ہے جو اسے انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتی ہے۔
فتح 4، آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا حصہ ہے اور اس کی بدولت پاک فوج کے روایتی میزائل سسٹمز کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہوا ہے۔
بیان کے مطابق فتح 4 میزائل پاکستان کا اپنا تیار کردہ ہے۔
چیف آف جنرل سٹاف، مسلح افواج کے سینئر افسران، اور متعلقہ سائنسدانوں اور انجینئروں نے اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کیا۔
صدر پاکستان، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، اور سروسز کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر پاک فوج کے جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی ہے۔





