سوات میں جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی،ایف آئی آر درج

سوات میں اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی ارحم مختار نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی سید عمران علی شاہ اور حلال فوڈ اتھارٹی سوات کی ٹیم کے ہمراہ شہری کی اطلاع پر مینگورہ شہر میں جعلی کولڈڈرنکس سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران ایک ٹرک میں بھری ہوئی جعلی کولڈڈرنکس برآمد کر لی گئی جسے موقع پر ضبط کرکے ضائع کر دیا گیا اور متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی ارحم مختار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اور مضر صحت اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں، ٹرانسپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور دکانداروں کے لیے یہ آخری وارننگ ہے کہ وہ فوری طور پر یہ غیر قانونی کام چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد میں فاسفیٹ کی کان بیٹھنے سے جانی نقصانات کی اطلاعات

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی سید عمران علی شاہ نے کہا کہ مضر صحت مصنوعات تیار کرنے اور بیچنے والے معاشرے کے دشمن ہیں اور عوام کی صحت کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ایسے غیر قانونی کاروبار کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو۔

Scroll to Top