پشاور:تاجر انصاف خیبرپختونخوا کے صدر حاجی شاہد خان نے ڈپٹی کمشنر پشاور ثنا اللہ سے ملاقات کی، جس میں شہر کے تاجروں کو درپیش مسائل، بالخصوص بازاروں میں تجاوزات کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
حاجی شاہد خان نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ پشاور کے تاجر ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کر رہے ہیں، تاہم آپریشن کے طریقۂ کار سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں میں جب اے سی صاحبان بھاری نفری اور مشینری کے ساتھ اچانک کارروائی کرتے ہیں تو وہاں خریداری کے لیے آئی خواتین اور بچے خوفزدہ ہوکر چلے جاتے ہیں، جس سے کاروبار متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہر میں 99 فیصد تجاوزات پہلے ہی ختم کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی رہ جانے والی رکاوٹوں کو بھی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہٹایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر ثنا اللہ نے حاجی شاہد خان کو یقین دہانی کرائی کہ کسی تاجر کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ جن بازاروں میں ناجائز تجاوزات موجود ہوں، وہاں کے منتخب صدور کو تین دن کا نوٹس دیا جائے گا تاکہ وہ خود تجاوزات ہٹا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی
مقررہ مدت میں تجاوزات ختم نہ کیے جانے کی صورت میں انتظامیہ آپریشن کرے گی، تاہم کسی بھی کارروائی سے قبل بازار کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
حاجی شاہد خان نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو پشاور کے بازاروں کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر ثنا اللہ جلد ہی مختلف بازاروں کا دورہ کر کے صورتحال کا از خود جائزہ لیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر حاجی شاہد خان نے تاجروں کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔





