کابل میں 2 روز کے تعطل کے بعد انٹرنیٹ سروس بحال

کابل: افغانستان میں تقریباً 48 گھنٹوں کے تعطل کے بعد انٹرنیٹ سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے تمام ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس نے انٹرنیٹ اور کمیونیکیشن سروسز فعال کر دی ہیں۔ طالبان حکام کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ پر پابندی کی خبریں درست نہیں، اس وقت تکنیکی ٹیمیں فائبر آپٹک کیبلز کی مرمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی صحافیوں کو بتایا کہ فائبر آپٹک کیبلز کافی خستہ ہو چکی تھیں جن کی مرمت جاری ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے ملک کے اندر اور باہر رابطے متاثر ہوئے، جس سے بینکنگ، آن لائن تعلیم اور دیگر ضروری خدمات بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ کابل کا مرکزی ائیرپورٹ بھی بند تھا اور جمعرات تک کوئی پرواز آپریٹ نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : تاجروں کا معیشت میں کلیدی کردار ہے، قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: ڈپٹی کمشنر پشاور

سائبر سکیورٹی اور انٹرنیٹ گورننس کی تنظیم نیٹ بلاکس نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی معمول کے مقابلے میں صرف 14 فیصد رہ گئی تھی، جو بظاہر جان بوجھ کر انٹرنیٹ منقطع کرنے کے مترادف تھی۔

Scroll to Top