مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کی مبینہ گمشدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت‘‘قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے واقعات آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ’’ماورائے عدالت کارروائیاں کسی بھی جمہوری اور مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہیں۔ صنم جاوید کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑی رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صنم جاوید پہلے بھی ریاستی جبر اور صعوبتوں کا سامنا کر چکی ہیں، اور اب ان کی گمشدگی پوری قوم کے لیے باعث تشویش ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ صنم جاوید صرف پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ ان تمام خواتین کی نمائندہ ہیں جو سیاسی شعور، استقامت اور اصولوں پر یقین رکھتی ہیں۔انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر صنم جاوید کی بازیابی کو یقینی بنائیں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔





