ملک بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ سے متعلق نئی گریڈنگ پالیسی کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری

ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے سرکاری فورم، انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) نے نئی گریڈنگ پالیسی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو مرحلہ وار 2026 سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں لاگو ہوگا۔ تاہم اس نئی پالیسی سے “جی پی اے” اور “سی جی پی اے” کو نکال دیا گیا ہے، جو پہلے اس نظام کا حصہ تھے۔

کراچی میں گزشتہ ماہ منعقدہ اجلاس میں ملک کے تمام تعلیمی بورڈز کے سربراہوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ کئی جامعات اس وقت جی پی اے کی بنیاد پر داخلہ دینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اسی وجہ سے تعلیمی بورڈز نے سفارش کی کہ نئی گریڈنگ پالیسی میں جی پی اے کو شامل نہ کیا جائے۔

آئی بی سی سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ یونیورسٹیز کی جانب سے جی پی اے کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جس پر تعلیمی بورڈز نے بھی اتفاق کیا۔ اس کے نتیجے میں نئی گریڈنگ پالیسی 2026 سے بغیر جی پی اے کے نافذ کی جائے گی۔

اس نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے طلبہ جنہیں کسی پرچے میں 40 سے کم نمبر ملیں گے، انہیں “یو” گریڈ دیا جائے گا اور انہیں ungraded قرار دیا جائے گا، جو پہلے صرف غیر اطمینان بخش گریڈ سمجھا جاتا تھا۔

نئی پالیسی کے مطابق میٹرک اور انٹر کے تمام مضامین میں پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کر دیے گئے ہیں، جبکہ گریڈنگ سسٹم کو کیمبرج کے طرز پر تبدیل کیا جائے گا۔ اب 81 سے 100 مارکس کے اندر چار مختلف گریڈز ہوں گے: 96 سے 100 تک اے ++ (extra ordinary)، 91 سے 95 تک اے + (exceptional)، 86 سے 90 تک اے (outstanding)، اور 81 سے 85 تک بی ++ (excellent)۔

اس کے علاوہ دیگر گریڈز بی +، بی، سی +، سی، ڈی، اور یو ہوں گے، جنہیں بالترتیب very good، good، fair good، above average، emerging، اور ungraded کا نام دیا گیا ہے۔

یہ نئی گریڈنگ پالیسی 2026 میں نویں اور گیارھویں جماعتوں پر لاگو ہوگی، جبکہ 2027 میں دسویں اور بارہویں جماعتوں کے لئے نافذ العمل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ: تحصیل لوئی ماموند کے سات دیہات کلیئر، متاثرین کی واپسی کل سے شروع ہوگی

Scroll to Top