وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر فضا نہایت تناؤ کا شکار ہے اور کسی بھی لمحے مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے حالیہ بلااشتعال حملے کے بعد اسلام آباد اور کابل کے درمیان سفارتی، سیاسی یا عسکری کسی بھی سطح پر کوئی تعلق باقی نہیں بچا۔
وزیرِ دفاع نے کہا سرحد پر بظاہر ایک خاموشی چھائی ہوئی ہے مگر یہ سکوت کسی بھی لمحے ٹوٹ سکتا ہے، فی الحال کوئی فعال جھڑپ جاری نہیں لیکن فضا سخت کشیدہ ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے مابین نہ تو کوئی براہِ راست بات چیت ہو رہی ہے اور نہ ہی بالواسطہ رابطے قائم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگیں حل کرنے کا ماہر ہوں، پاکستان اور افغانستان کا معاملہ دیکھوں گا، ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ لڑائی کسی بھی وقت دوبارہ بھڑک سکتی ہے، ہم اس امکان کو نظر انداز نہیں کر سکتے اگرچہ وقتی طور پر ایک سکون کی کیفیت ضرور ہے مگر یہ محض دھوکا ہو سکتا ہے۔





