ایبٹ آباد: پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے خیبر پختونخوا حکومت کو صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کی نجکاری سے روک دیا ہے۔
عدالت نے صوبائی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئے چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعلیم اور تمام ڈپٹی کمشنرز سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔
یہ حکم اسکولوں کی نجکاری کے خلاف دائر کی گئی رٹ پٹیشن پر جاری کیا گیا، جو معروف قانون دان ڈاکٹر محمد اسحاق زکریا ایڈوکیٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں کو نجی اداروں کے حوالے کرنا عوامی مفاد کے منافی ہے اور آئین کے تحت تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جسے نجکاری کے ذریعے متاثر نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبر پختونخوا پشاور پہنچ گئے ، آج نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد حکومتی اقدام پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ تعلیم جیسے بنیادی شعبے میں فیصلے کرتے وقت عوامی مفاد کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
پشاور ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت تک تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت مقرر کر دی ہے۔





