نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حلف اٹھا لیا

پشاور: نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔

گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر صوبائی ارکان اسمبلی نے بھی اس اہم موقع پر شرکت کی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی آئینی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا کو نو منتخب وزیراعلی سے حلف لینے حکم دیا تھا۔

عدالت نےگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے آج 4 بجے تک حلف لینے کا حکم دیا تھا۔

فیصلے میں مذید کہا گیا کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکرنو منتخب وزیراعلی سے حلف لیں ۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری سے متعلق درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیاتھا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا سرکاری دورے پر ہیں اور وہ کل دوپہر 2 بجےکے پی واپس آئیں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ گورنر نے حلف برداری کے حوالے سے کیا موقف اپنایا ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے علی امین گنڈاپور کو استعفے کی منظوری کے لیے طلب کیا ہے۔

چیف جسٹس نے واضح کیا کہ چونکہ صوبے میں انتخابات ہو چکے ہیں، اس لیے پرانا وزیراعلیٰ دفتر نہیں چلا سکتا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے دریافت کیا کہ آیا گورنر نے حلف لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے یا نہیں، جس پر جواب ملا کہ گورنر کی کے پی واپسی کے بعد ہی کوئی فیصلہ ممکن ہوگا۔

گورنر کے مقرر کردہ وکیل عامر جاوید ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ گورنر کل واپس آ جائیں گے، اور امید ہے کہ وہ تب تک استعفیٰ منظور کرکے حلف بھی لے لیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر اتنی جلدی ہے تو حکومت اپنا جہاز بھیج کر گورنر کو واپس لا سکتی ہے، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ گورنر عام طور پر پبلک فلائٹس سے سفر کرتے ہیں۔سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو بعد ازاں سنایاگیا۔

Scroll to Top