پاک فوج کا ضلع مہمند میں بڑا کامیاب آپریشن، افغان دراندازی ناکام، 34 دہشت گرد ہلاک

ضلع مہمند: پاک فوج نے خفیہ اطلاعات پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کی بڑی تعداد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 34 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن ضلع مہمند کے سرحدی علاقے میں اس وقت کیا گیا جب ایک بڑی تعداد میں مسلح دہشت گرد، جو کہ افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہو رہے تھے، خفیہ اطلاع کی بنیاد پر فورسز کے ریڈار پر آئے۔

پاک فوج نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا اور کارروائی کا آغاز کیا۔

آپریشن کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام خوارج کا تعلق ان گروہوں سے تھا جو پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی واپسی، محکمہ صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

فوجی ذرائع سے ایک فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں خارجی عناصر کی نقل و حرکت کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے عناصر کو بھی تلاش کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کی تعداد 45 سے 50 کے درمیان ہو سکتی ہے، تاہم فوری طور پر 34 کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی کو پاکستان کی سرحدی سلامتی کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس نے ایک ممکنہ بڑے حملے کو بروقت ناکام بنا دیا۔

Scroll to Top