ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ایف سی کے 4 اہلکار شہید، 11 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں سکیورٹی فورسز پر ایک افسوسناک حملے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے چار جوان شہید جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کوٹ لالو کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایف سی اہلکار گیس کمپنی ایس این جی پی ایل کی سکیورٹی پر مامور تھے۔ اچانک گھات لگائے بیٹھے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی تلاش کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ اچانک اور منظم انداز میں کیا گیا، اور اس کا مقصد علاقے میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ حملے کی نوعیت اور پس منظر جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top