بونیر کے علاقے کنگرگلی سے تعلق رکھنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر کارکن اور رکن مرکزی کونسل زرین خان بونیری انتقال کر گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زرین خان اپنے کھیتوں میں کام کے دوران گر کر زخمی ہوگئے تھے جس سے ان کا پاؤں ٹوٹ گیا۔
انہیں زخمی حالت میں ڈگر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے حالت تشویشناک ہونے کے باعث فوری طور پر پشاور منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ تاہم زرین خان پشاور لے جاتے ہوئے راستے میں خالق حقیقی سے جا ملے۔
زرین خان کی وفات کو بونیر سمیت پورے صوبے میں عوامی نیشنل پارٹی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
باچا خان مرکز پشاور سے جاری تعزیتی بیان میں عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین اور جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی نے اے این پی بونیر کے سابق جنرل سیکرٹری رحیم زادہ کے چچا اور مرکزی و صوبائی کونسل کے رکن زرین خان (سلارزئی، بونیر) کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے مخلص، فعال اور دیرینہ ساتھی تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی ناگہانی موت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پوری عوامی نیشنل پارٹی کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔عوامی نیشنل پارٹی غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔





