نیا پاکستانی پاسپورٹ کن منفرد خصوصیات کا حامل اور فیس کتنی ہوگی؟

 پاسپورٹ حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق اب نئے پاسپورٹ میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا۔

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے وضاحت کی ہے کہ نئے پاسپورٹ میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ اس کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہو۔

محکمہ کے مطابق پاسپورٹ کے ویزا پیجز پر پاکستان کے مختلف صوبوں کی تاریخی عمارتوں کی تصاویر پرنٹ کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : بونیر:اے این پی کےمرکزی کونسل کے رکن زرین خان بونیری انتقال کرگئے

وزارتِ داخلہ نے نئے فیچرز کی منظوری دے دی ہے جبکہ پاسپورٹ بک لیٹس کی چھپائی پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں جاری ہے۔

محکمہ پاسپورٹس کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں جدید تقاضوں اور ہم آہنگی کے اصولوں کے تحت کی جا رہی ہیں، تاہم فیچرز کے علاوہ پاسپورٹ کے دیگر پہلوؤں میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے گرین پاسپورٹ کو پہلے سے زیادہ دیدہ زیب بنانے کا فیصلہ کیا ہے مگر فیسوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسپورٹیج ایل اب آسان اقساط پر دستیاب 

موجودہ فیس کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل پانچ سالہ پاسپورٹ کے لیے 4,500 روپے اور دس سالہ مدت والے پاسپورٹ کے لیے 6,700 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

ارجنٹ پاسپورٹ کے لیے پانچ سالہ مدت کی فیس 7,500 روپے جبکہ دس سالہ پاسپورٹ کی فیس 11,200 روپے مقرر ہے۔

 

Scroll to Top