اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی برطانیہ کے لیے پروازیں 5 سال بعد دوبارہ بحال ہو گئیں۔
قومی ایئر لائن کی پہلی پرواز 284 مسافروں کو لے کر مانچسٹر پہنچ گئی، جس پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ استقبال کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ کے روانہ ہونے پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پرواز کو الوداع کہا۔ وزیر دفاع نے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا باضابطہ افتتاح کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ایئر لائن پر پابندی کی وجہ سے ملک کی ساکھ متاثر ہوئی تھی، لیکن موجودہ حکومت کی ترجیحات کی درستگی اور سفارتکاروں کی کوششوں سے یہ کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا:
ہم نے پی آئی اے کے معیار کو دوبارہ بحال کیا ہے، ابتدائی طور پر ہفتہ وار دو پروازیں منگل اور ہفتے کو آپریٹ ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے صنعتوں کیلئے بجلی 15 روپے فی یونٹ سستی کردی، مشیر خزانہ
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی کہا کہ مزید شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن جلد بحال ہوگا اور وزیر اعظم کی طرف سے برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی پر قوم کو مبارکباد دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی ساکھ کو کئی برس کی محنت کے بعد دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔
یہ اقدام نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سہولت کا باعث ہے بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ہوا بازی کی ساکھ کو بھی مضبوط کرے گا۔





