اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرکے بے حد خوشی ہوئی۔ بات چیت میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اخوت، باہمی اعتماد اور تاریخی رشتوں پر قائم ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے دونوں ممالک اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
ملاقات قصرِ یمامہ میں ہوئی، جہاں ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی قیادت نے پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر پہنچے ہیں، جہاں وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو (FII) کی نویں بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔





