ریاض: وزیر اعظم شہباز شریف نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کے موقع پر عالمی اقتصادی فورم (ورلڈ اکنامک فورم) کے صدر بورگا بغینڈے سے ملاقات کی۔
ملاقات عالمی اقتصادی فورم کی قیادت کی درخواست پر ہوئی، جس میں عالمی و علاقائی اقتصادی تعاون، پائیدار ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور عالمی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بورگا بغینڈے نے وزیراعظم شہباز شریف کو 2026 میں ڈیووس اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جسے وزیراعظم نے خوش دلی سے قبول کیا۔
وزیر اعظم نے حکومت کی جاری ساختی معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترجیحات میں معاشی استحکام، نوجوانوں کی صلاحیتوں کا بہتر استعمال، ڈیجیٹل تبدیلی اور برآمدات کے فروغ کو شامل کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے غذائی تحفظ کے مستحکم نظام کی تشکیل میں عالمی فورم کی شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے لیے عالمی تعاون کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صارفین تیار رہیں، گیس کی قیمتیں بڑھنے کا امکان
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کا قدرتی پل ہے اور خطے میں امن ہی خوشحالی کے راستے کھول سکتا ہے۔
بورگا بغینڈے نے پاکستان کے عالمی فورم میں فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں اقتصادی تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عالمی اقتصادی فورم کے درمیان باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔





