قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد شیرپاؤ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے اور صوبائی حکومت کی توجہ صرف عمران خان کی رہائی تک محدود ہو گئی ہے۔
صوابی میں اسماعلیہ سابقہ ضلعی کونسلر کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ صوبائی حکومت کو عوام اور صوبے کے مفاد کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں اور امن و امان برقرار رکھنا اس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبے کے حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح کے بجائے ذاتی اور سیاسی معاملات پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
انہوں نے افغان سرزمین کے پاکستان مخالف استعمال پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ افغان حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی زمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال نہ ہو۔
آفتاب شیرپاؤ نے ترکی میں کابل اور اسلام آباد کے درمیان جاری مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی اور کہا کہ مانیٹرنگ سسٹم اور مکینزم ترتیب دینا ضروری ہے تاکہ سرحدی تحفظ مضبوط ہو۔
انہوں نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں امن قائم رکھنے کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھیں اور ایک متفقہ موقف اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی یا نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ میں صوبوں کے حصے کو کم کرنے جیسے اقدامات سے گریز کیا جائے۔





