عمران خان کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اپنے قائد کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام کارکنان حوصلے بلند رکھیں اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی سندھ کے کارکنان کے وفد کی ملاقات ہوئی جس کی سربراہی سندھ سے ایم این اے سیف الرحمان کر رہے تھے، ملاقات میں رکن صوبائی کابینہ مزمل اسلم بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیر اعلیٰ کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ نے وفد کے ذاتی خرچ پر ملاقات کرنے پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کا یہ جذبہ بانی سے والہانہ محبت کا عکاس ہے۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ بننے سے کارکنان کے اندر ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے اور ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں قائد کی رہائی کے مقصد کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

پی ٹی آئی وفد نے کہا کہ پاکستان بھر سے کارکنان اور عوام کی امیدیں وزیر اعلیٰ سے وابستہ ہیں اور ہم فرنٹ لائن پر کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پرھیں: اختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کورکمانڈر لاہور کے گھر پر دھاوا کی ویڈیو چلادی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ مشترکہ لائحہ عمل کے تحت بانی تحریک انصاف کو جلد رہا کرایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے سندھ کے دورے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ اس دورے سے متعلق شیڈول جلد اعلان کیا جائے گا۔

Scroll to Top