باڑہ میں شہری کے اغوا میں ملوث 2 پولیس اہلکار گرفتار، مغوی بازیاب

ضلع خیبر کے علاقے باڑہ  میں پولیس نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی شہری کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ دو حاضر سروس پولیس اہلکاروں کو اغوا میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

باڑہ پولیس نے شہری کے اغوا میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی باڑہ سرکل سوالزر کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ باڑہ ہردم گل نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی شہری جمشید ولد غیرت خان کو نجی ہوٹل سے بحفاظت بازیاب کرالیا۔

کارروائی کے دوران دو پولیس اہلکار میر گل اور طیب خان کو گرفتار جبکہ ایک اہلکار حیدر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار باڑہ کے مختلف چوکیوں میں تعینات تھے جنہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ فرار اہلکار کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایم سی ہسپتال میں ڈرامائی لمحہ، نومولود کو اغوا کرنے والی خاتون موقع پر پکڑی گئی

ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وردی میں چھپے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں کالے بھڑوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں، ایسے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جو پولیس کے وقار اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتے ہیں۔

ڈی پی او مظہر اقبال نے مزید کہا کہ خیبر کے معزز شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top