وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان پر اختیار ولی خان کا سخت ردعمل

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹراختیار ولی خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کا پاک فوج سے متعلق بیان حد درجہ افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

اختیار ولی خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب سے پاک فوج کے خلاف پہلے بھی کئی بیانات دیے گئے، مگر سہیل آفریدی کا موجودہ بیان اُن تمام سے زیادہ غلیظ اور نازیبا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ اُس پاک فوج پر الزامات لگا رہے ہیں جسے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ وہی فوج ہے جس نے ماضی میں حرمین شریفین کی خدمت کی اور دشمنوں کے حملے ناکام بنائے۔ آپ اُن شہداء کی توہین کر رہے ہیں جو اس وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آرٹیکل 243 پر حکومت کی حمایت کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ سینکڑوں افسران اور ہزاروں جوان وطن کی خاطر قربانیاں دیتے ہیں۔ اُن کے تابوت جب قومی پرچم میں لپٹے گھروں کو واپس آتے ہیں تو اُن کی مائیں اور بہنیں فخر سے کہتی ہیں کہ ایسے بیٹے پھر قربان۔ مگر سہیل آفریدی ان شہداء کے جذبے کو مجروح کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ کل تک مجھے سہیل آفریدی کو بھائی کہنا اچھا لگتا تھا، لیکن آج افسوس ہوتا ہے کہ ایک ایسا شخص، جس کی حیثیت محض ایک وقتی وزیرِاعلیٰ کی ہے، پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے۔ وہ یہ نہ سمجھے کہ وہ مستقل وزیراعلیٰ بن گئے ہیں۔ جیسے ایک ڈرائیور بیمار ہوتا ہے تو عارضی طور پر کنڈکٹر کو بٹھا دیا جاتا ہے، اسی طرح یہ عہدہ بھی عارضی ہے، اصل قیادت جلد واپس آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے بیان سے دشمن ملکوں کی بو آ رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ باتیں بھارت یا پاکستان مخالف قوتوں کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ وہی دشمن جنہیں پاک فوج نے ہمیشہ شکست دی، آج آپ اُن کے مؤقف کے قریب دکھائی دے رہے ہیں۔

اختیار ولی نے سہیل آفریدی کو مخاطت کرتے ہوئے کہا آپ اب نہ خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ ہیں، نہ پاکستان کے ساتھ،اپنے آپ کو ٹٹولیں،اور دیکھیں کہ آپ کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Scroll to Top