محمد شعیب
پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں فاسٹ ٹریک پروموشن امتحان کے ذریعے ترقی پانے والے 10 انسپکٹرز کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے پر تقرر کے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ان کے کاندھوں پر ترقی کے بیجز سجائے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پیز، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے علاوہ ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ترقی پانے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ ٹریک پروموشن ان کی محنت، قابلیت اور قائدانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کمانڈ لیول کی پہلی سیڑھی ہے اور اب ان افسران سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ محکمے کی نیک نامی اور خدمت خلق میں اضافہ کریں گے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس ایک پروفیشنل اور ٹیلنٹیڈ فورس ہے اور فاسٹ ٹریک پروموشن کے ذریعے ابھرنے والے نوجوان افسران اس فورس کا سرمایہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے نئے ڈی ایس پیز اور ان کی فیملیز کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ محنت، ایمانداری اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

ترقی پانے والے افسران میں فاروق خان (مردان)، رضوان اللہ (بنوں)، حفیظ الرحمن (نوشہرہ)، طفیل محمد (بٹگرام)، احسان اللہ (لکی مروت)، سجاد احمد خان (پشاور)، محمد عزیر (ہری پور)، انعام اللہ (نوشہرہ)، احمد رشید (پشاور) اور امجد اقبال (شانگلہ) شامل ہیں۔





