کسی بھی امریکی صدر نے کسی فوجی سربراہ یا وزیراعظم کی اتنی تعریفیں نہیں کیں جتنی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہو رہی ہیں، شاہد آفریدی

لندن: سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید حافظ عاصم منیر زبردست کام کر رہے ہیں اور انہوں نے دنیا بھر میں پاک فوج کی خدمات کی تعریف حاصل کی ہے۔

آفریدی نے کہا میں نے آج تک کسی بھی امریکی صدر، فوجی سربراہ یا وزیراعظم کے لیے اتنی تعریفیں نہیں سنی جتنی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہو رہی ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاک فوج اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ملک اور قوم کے لیے قربانیاں دے رہی ہے تاکہ ہمارے بچے یتیم نہ ہوں۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ اپنی فوج کی قدر کرنی چاہیے اور نوجوانوں کی تعلیم اور کھیلوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

آفریدی نے مریم نواز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ اچھا کام کر رہی ہیں، اور جو لوگ انہیں صرف ٹک ٹاکر یا ویڈیوز کے لیے کام کرنے والی کہتے ہیں، انہیں چاہیے کہ ان کے کام کو سراہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے متعلق کہا کہ وہ اپنے علاقے اور عوام کے لیے زیادہ کام کریں، کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ قبائلی علاقے سے وزیر اعلیٰ منتخب ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت کے خلاف کامیابی کا کریڈٹ فیلڈ مارشل اور پاک فوج کو جاتا ہے، مریم نواز

سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر بھی رد عمل دیا اور کہا سوشل میڈیا تنقید سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

میں جھوٹ بول کر اپنے بچوں کو حرام کا پیسہ نہیں کھلاتا۔ کچھ لوگوں نے کہا تھا کہ میں کبھی پاکستان نہیں چھوڑوں گا، لیکن میں نے خود دیکھا کہ گدھے پر گدھا بیٹھ کر یہاں آگیا۔

آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری قوم بہت قابل ہے اور ہمیں اپنی افواج اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کی قدر کرنی چاہیے۔

Scroll to Top