اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔ صدر اور وزیراعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غیرملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، محسن نقوی، وفاقی وزراء چوہدری سالک حسین، خالد مگسی اور عبدالعلیم خان بھی شریک تھے۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، قوم متحد ہے اور امن دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی وفد کی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات، امن جرگہ میں شرکت کی دعوت دیدی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےپارلیمانی وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔
وفد میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، محبوب شاہ، صبغت اللہ، عاطف خان، ڈاکٹر امجد، سلیم الرحمٰن اور دیگر رہنما شامل تھے۔
پی ٹی آئی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی اسمبلی میں منعقد ہونے والے امن جرگے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
وفد کا کہنا تھا کہ صوبے کے آئینی سربراہ کے طور پر گورنر کی شرکت اور رہنمائی امن جرگے کے لیے باعثِ فخر ہوگی۔ وفد نے کہا کہ صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو امن جرگے میں شرکت کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔





