واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو جدید ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد آج امریکا پہنچ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے نئے معاہدے طے پا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب امریکا سے 48 ایف 35 لڑاکا طیارے خریدنا چاہتا ہے، جن کی مجموعی مالیت اربوں ڈالر ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا وائٹ ہاؤس میں خصوصی استقبال کیا جائے گا، اور اس موقع پر غیر معمولی تیاریاں جاری ہیں۔
امریکی صدر نے ایران کی ایٹمی صلاحیت کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ایران کی ایٹمی صلاحیت کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جرائم سے متاثرہ شہروں میں فوجی نفوذ بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھی ٹاسک فورس قائم کی جا رہی ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب اور امریکا کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے لیا گیا ہے اور دونوں ممالک کی دفاعی شراکت داری میں نئی راہیں کھولے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف اقدامات تیز، 22 ہزار سے زائد گرفتار
یاد رہے کہ دوسری جانب سعودی عرب میں حکام نے 6 سے 12 نومبر کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزی پر 22 ہزار 156 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے 14 ہزار 27 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، 4 ہزار 781 غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش، اور 3 ہزار 348 افراد لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑے گئے۔
علاوہ ازیں 1 ہزار 924 افراد کو غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا گیا، جن میں 62 فیصد ایتھوپین، 37 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 32 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جو سرحد عبور کر کے سعودی عرب سے ہمسایہ ممالک میں داخل ہونے کی کوشش میں تھے، جبکہ 31 دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جو سفر، رہائش، روزگار یا پناہ فراہم کرنے کی کوشش میں ملوث تھے۔
مجموعی طور پر 30 ہزار 236 غیر قانونی تارکین کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 28 ہزار 407 مرد اور 1 ہزار 829 خواتین شامل ہیں۔





