شادی ہال مالکان خبردار، خیبرپختونخوا میں شادی ہال ٹیکس میں اضافہ نافذ

پشاور:( پختون ڈیجیٹل) خیبرپختونخوا حکومت نے شادی ہال ٹیکس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں نئے فکس ریٹس کا باقاعدہ نفاذ کر دیا ہے۔

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے مطابق شادی ہالز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کرتے ہوئے ایونٹ کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

کیپرا کے مطابق کیٹیگری اے کے ہالز، جن کی گنجائش 500 سے زائد مہمانوں پر مشتمل ہوتی ہے، کے فکس ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کر کے اسے 50 ہزار روپے فی ایونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو پہلے 25 ہزار روپے تھا۔

کیٹیگری بی کے ہالز، جن کی گنجائش 300 سے 500 افراد تک ہے، کے لیے ٹیکس 20 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، یعنی 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کیٹیگری سی کے ہالز کے فکس ٹیکس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 10 ہزار روپے فی ایونٹ رہے گا۔

کیپرا کے ترجمان نے کہا کہ اگر کوئی ہال فکس ٹیکس ادا نہیں کرتا تو اس پر 15 فیصد سروس ٹیکس بھی عائد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شائقین کرکٹ کے لیے بڑا دھچکا، سری لنکا کے دو اہم کھلاڑی ٹرائی سیریز سے قبل وطن روانہ

حکام نے واضح کیا کہ شادی ہال ٹیکس میں اضافہ صوبے کے مالی استحکام اور ریونیو بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو اس نئے نظام پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

نئے نظام کے تحت ایک جولائی سے تمام شادی ہالز پر نئے فکس ریٹس لاگو ہوں گے۔

Scroll to Top