پاکستان کرکٹ ٹیم کے دھواں دھار اوپنر صاحبزادہ فرحان نے ایک ہی کیلنڈر ایئر میں 100 ٹی ٹوئنٹی چھکے لگانے کا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ کامیابی انھوں نے سری لنکا کے خلاف جاری ٹرائی سیریز کے دوران سمیٹی جہاں ہدف کے تعاقب میں وہ شاندار فارم میں نظر آئے۔
فرحان نے 45 گیندوں پر 80 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیل کر نہ صرف ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی بلکہ پورے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔
آئی لینڈرز کے مقابلے میں ان کے بلّے نے خوب گرج برسائی، اور انہوں نے پانچ بلند و بالا چھکے داغ کر کیلنڈر ایئر میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
چوکوں سے سجی ان کی یہ دلکش اننگز شائقینِ کرکٹ کے دل بھی جیت گئی، اور اس برق رفتار بیٹنگ پر میدان میں موجود مداحوں نے خوب داد دی۔
واضح رہے پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے راولپنڈی میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، 129 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے 15.3 اوورز میں پورا کیا۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب نے 20 اور بابراعظم نے 16 رنز بنائے، سری لنکا کی طرف سے چیمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 128 رنز بنائے تھے جہاں جانتھ لیانا 41 اور کوشال پریرا 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 شکار کیے، جبکہ سلمان مرزا، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا
شاہین آفریدی انجری کے باعث میچ سے باہر رہے اور ان کی جگہ سلمان مرزا کو شامل کیا گیا، پاکستان اپنا اگلا میچ کل زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔





