فرانسیسی نیول کمانڈر نے پاک بھارت جنگ میں بھارتی طیارے گرنے کی تصدیق کر دی

سینئر فرانسیسی نیول کمانڈر کیپٹن جیک لاونی نے حالیہ پاک بھارت فضائی معرکے میں بھارتی طیارے گرنے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ پاکستان کی بہتر جنگی حکمت عملی کی وجہ سے ممکن ہوا۔

کیپٹن لاونی نے کہا کہ یہ ایک انتہائی پیچیدہ صورتحال تھی جس میں 140 سے زائد لڑاکا طیارے شریک تھے اور دونوں جانب متعدد اہداف موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں کسی بھی طیارے کو نشانہ بنانا آسان تھا لیکن پاکستان نے اپنے حریف کے مقابلے میں بہتر حکمت عملی اپنائی۔

ریڈار سے متعلق مسائل پر بات کرتے ہوئے لاونی نے واضح کیا کہ یہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ بھارتی فضائیہ کے آپریشنل استعمال میں خامیوں کی وجہ سے پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگی مشین میں کوئی خرابی نہیں تھی لیکن اسے صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا۔

فرانسیسی کمانڈر نے مزید کہا کہ اگر رافیل طیارے کو درست طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ کسی بھی لڑائی میں چینی J-10C طیارے کو بھی شکست دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ

گزشتہ روز بھارت میں مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ تیجس دبئی ایئر شو کے دوران مظاہرے کے دوران زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔

حادثے کے فوری بعد طیارے سے بلند ہونے والے شعلے اور جائے حادثہ پر اٹھتا سیاہ دھواں دیکھنے والوں کے لیے خوفناک منظر تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انڈین ایئر فورس نے تصدیق کی کہ اس حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔

گزشتہ پانچ سال کے دوران متعدد ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں لڑاکا طیارے تباہ ہوئے یا حادثات کا شکار ہوئے جو بھارتی فضائیہ کے لیے ایک تشویشناک رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔

Scroll to Top