ریجنل الیکشن کمشنر ہزارہ ڈویژن ذوالفقار احمد نے این,18 ہری پور کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتخابات کے سلسلے میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ذوالفقار احمد نے دورے کے دوران پولنگ اسٹیشنز کی سہولیات، عملے کی تیاری، ووٹرز کی آمد کے نظام اور سکیورٹی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر تعینات عملے کو ہدایات بھی جاری کیں۔
ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا کہ پولنگ کے دوران سکیورٹی، سہولیات اور ووٹرز کے آرام و سہولت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے پاک فوج، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں سے بھی انتظامات کی تفصیل سنی اور یقینی بنایا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز میں شفاف اور پرامن پولنگ ہو۔
دورے کے دوران ذوالفقار احمد نے پولنگ اسٹیشنز کے باہر اور اندر نشانات، قطاروں کا انتظام اور ووٹرز کی رہنمائی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیشنز میں ضروری سہولیات موجود ہیں تاکہ ووٹرز بغیر کسی دقت کے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
ریجنل الیکشن کمشنر نے انتظامیہ اور پولنگ اسٹیشنز کے عملے کی تیاری کو سراہا اور کہا کہ شفاف اور مؤثر پولنگ کے لیے مکمل تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔





