پی ٹی آئی کا صوابی انٹرچینج پر احتجاج ختم،پشاور میں 7 دسمبر کو پاور دکھانے کا فیصلہ

موٹروے بندش، مریضوں کی مشکلات اور ٹائروں کی آگ،پی ٹی آئی کا صوابی احتجاج ختم، اب پشاور میں 7 دسمبر کو طاقت کا مظاہرہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے صوابی انٹرچینج پر جاری احتجاجی مظاہرہ ختم کرتے ہوئے 7 دسمبر کو پشاور میں بڑا عوامی پاور شو کرنے کا اعلان کردیا۔ احتجاج کے دوران موٹروے کی بندش سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جبکہ ایمبولینسیں پھنسنے کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی آئی کارکنان پارٹی قیادت کی ہدایت پر بڑی تعداد میں صوابی انٹرچینج پہنچے اور ریسٹ ایریا کے مقام پر موٹروے کو دونوں اطراف سے بند کردیا۔ مظاہرین نے ٹائر نذرِ آتش کیے جس سے شاہراہ مکمل طور پر جام ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

احتجاج میں پی ٹی آئی رہنما احمد خان نیازی بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے گزشتہ ایک ماہ سے ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے جو قانون اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان نے اس پابندی کے خلاف آواز بلند کی جس کے بعد آج بانی پی ٹی آئی کو اپنی بہن سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔

احمد خان نیازی نے مزید کہا کہ پارٹی جلد بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ بعد ازاں قیادت کی مشاورت سے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد کارکنان پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور موٹروے کھول دی گئی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ 7 دسمبر کو پشاور میں بڑا پاور شو ہوگا جس میں پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی اور آئندہ سیاسی اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔

Scroll to Top