بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے فیصل کالونی اسٹاپ پر چوری کی واردات نے سکیورٹی انتظامات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جہاں نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی اسکرین اتار کر لے گیا۔
ترجمان بی آر ٹی کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسٹیشن کا شٹر نامعلوم وجوہات کی بنا پر کھلا رہ گیا تھا۔ شٹر کھلا ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور باآسانی اسٹیشن کے اندر داخل ہوا اور سیکیورٹی گارڈز کے پلیٹ فارم پر موجود ہونے کے دوران ہی اسکرین اتار کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرکے مقامی تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
بی آر ٹی اسٹیشنز پر جدید نگرانی کے نظام اور تعینات سکیورٹی عملے کے باوجود اس نوعیت کی چوری نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بی آر ٹی جیسے حساس سسٹم میں اس قدر بڑی غفلت ہوسکتی ہے تو انتظامیہ کو فوری طور پر سکیورٹی میکانزم کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔





