نشانِ حیدر سوار محمد حسین شہید کا 54واں یومِ شہادت، مسلح افواج کے سربراہان نے خراجِ عقیدت پیش کیا

اسلام آباد: 1971ء کی جنگ میں غیر معمولی جرأت، بہادری اور قربانی کی مثال قائم کرنے والے نشانِ حیدر سوار محمد حسین شہید کا آج 54واں یومِ شہادت منایا جا رہا ہے۔

پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سوار محمد حسین شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو قومی فخر قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے 1971ء کی جنگ کے شکرگڑھ سیکٹر میں سوار محمد حسین شہید کی غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور قربانی کو یاد کیا۔

انہوں نے دشمن کے بڑھتے ہوئے بھارتی ٹینکوں کی نشاندہی کر کے ریکوئیلس رائفلز کے عملے کی رہنمائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد ٹینک تباہ ہوئے اور محاذِ جنگ کا رخ پاکستان کے حق میں بدل گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ جیل دھرنا: پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا

سوار محمد حسین شہید دشمن کی فائرنگ کا نشانہ بن کر جامِ شہادت نوش کر گئے اور ہمیشہ کے لیے قومی تاریخ میں امر ہو گئے۔

ان کی قربانی آج بھی عزم و ہمت کی مثال ہے اور پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے غیر متزلزل جذبے کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

قوم شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک محفوظ، مضبوط اور باوقار پاکستان کی تعمیر جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top