کرک کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار کے روز کرفیو کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع ٹانک کے جنڈولہ سب ڈویژن میں کرفیو کے باعث تمام بازار بند رہیں گے جبکہ اس دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے دوران ضلع ٹانک کی اہم شاہراہ کوک قلعہ بھی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ مذکورہ شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں داخلہ سختی سے ممنوع ہوگا تاہم صرف ہنگامی حالات میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے شناختی کارڈ اور متعلقہ دستاویزات جمع کروا کر سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں آج مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کرفیو کے دوران صرف منظور شدہ ہنگامی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو دیکھ کر 50 میٹر پہلے گاڑی روکیں اور تمام افراد گاڑی سے نیچے اتر جائیں، کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ شخص پر عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران مکمل تعاون کریں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ہدایات پر عمل کریں۔





