انسداد دہشت گردی عدالت لاہورنے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مزید دو مقدمات کا فیصلہ سنا تے ہوئے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور محمود الرشید سمیت چار رہنماؤں کو 10,10سال قید کی سزا سنادی۔
گلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے اور کلمہ چوک پر کنٹینر نذرِ آتش کرنے کے دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا گیا ۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہورکے جج ارشد جاوید نےفیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو دونوں مقدمات میں 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کو بھی 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
دونوں مقدمات میں شاہ محمود قریشی کا چالان پیش نہیں کیا گیا۔
عدالتی فیصلے کےمطابق پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں میاں اسلم اقبال سمیت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے جبکہ کنٹینر جلانے کے مقدمے میں میاں اسلم اقبال سمیت 12 ملزمان کو اشتہاری قرار دیاگیا ہے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں مجموعی طور پر 29 ملزمان کا ٹرائل جبکہ کنٹینر جلانے کے مقدمے میں 24 ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل کیا گیا۔





