صرف ایک غلطی اور پورا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک! نیا فراڈ سامنے آ گیا

واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا اور خطرناک سائبر خطرہ سامنے آ گیا ہے جس کے ذریعے ہیکرز بغیر پاس ورڈ کے بھی اکاؤنٹ پر مکمل قبضہ کر سکتے ہیں۔

سیکیورٹی ریسرچ کمپنیجن ڈیجیٹل کے ماہرین نے حال ہی میں اکاؤنٹ ہائی جیک کرنے کے ایک جدید طریقے کا انکشاف کیا ہے، جسے گوسٹ پیئرنگ کا نام دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس حملے کے ذریعے سائبر مجرم صارفین کے نجی پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز تک مکمل رسائی حاصل کر لیتے ہیں، جو ڈیجیٹل سیکیورٹی کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ ہے۔

گوسٹ پیئرنگ حملہ کیسے کیا جاتا ہے؟

یہ فراڈ عام طور پر کسی جان پہچان والے شخص کے پیغام سے شروع ہوتا ہے جس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ پہلے ہی ہیک ہو چکا ہوتا ہے، پیغام میں عموماً لکھا ہوتا ہے۔

ہیلو! مجھے ابھی تمہاری ایک تصویر ملی ہے اور ساتھ ایک مشکوک لنک بھیجا جاتا ہے۔

لنک پر کلک کرنے کے بعد صارف کو ایک عددی کوڈ یا کیو آر کوڈ فراہم کیا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اسے واٹس ایپ میں درج کریں۔

صارف کو لگتا ہے کہ وہ کسی سروس میں لاگ ان ہو رہا ہے مگر درحقیقت وہ ہیکر کے ڈیوائس کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ لنک کر رہا ہوتا ہے۔

اکاؤنٹ ہائی جیک ہونے کے بعد کیا خطرات ہیں؟

ایک بار جب ہیکر کا ڈیوائس اکاؤنٹ سے منسلک ہو جائے تو اسے مکمل کنٹرول حاصل ہو جاتا ہے۔

وہ تمام چیٹس پڑھ سکتا ہے، تصاویر اور ویڈیوز دیکھ سکتا ہے اور صارف بن کر اس کے دوستوں اور رشتہ داروں کو پیغامات بھیج سکتا ہے۔

سائبر مجرم اس رسائی کو شناخت چوری، بلیک میلنگ اور مالی فراڈ کے لیے استعمال کرتے ہیں، بعض اوقات وہ خاموشی سے اکاؤنٹ میں موجود رہتے ہیں اور صارف کو طویل عرصے تک اس کی خبر نہیں ہوتی۔

واٹس ایپ اکاؤنٹ کو محفوظ کیسے بنایا جائے؟

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق چند احتیاطی تدابیر اپنا کر اس خطرے سے بچا جا سکتا ہے۔

غیر واضح یا حیران کن پیغامات میں موجود لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں، چاہے وہ کسی دوست کی طرف سے ہی کیوں نہ ہوں۔

کسی بھی لنک پر کلک کرنے سے پہلے اس کا یو آر ایل بغور چیک کریں، جعلی ویب سائٹس اکثر اصل ڈومین کی مشابہت رکھتی ہیں۔

واٹس ایپ کی لنک ڈیوائسس سیٹنگ میں جا کر تمام منسلک ڈیوائسز کی فہرست چیک کریں، کسی بھی غیر معروف ڈیوائس کی رسائی فوراً ختم کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: وٹس ایپ ہیکنگ کا خطرہ، این سی سی آئی اے نے فوری انتباہ جاری کر دیا

واضح رہے کہ واٹس ایپ کسی بھی نئے ڈیوائس کو اکاؤنٹ سے لنک کرنے پر صارف کو اطلاع دیتا ہے، اس لیے ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی الرٹ یا کوڈ کو درج کرنے سے پہلے مکمل تسلی کر لی جائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ذرا سی غفلت واٹس ایپ اکاؤنٹ کو سنگین خطرات سے دوچار کر سکتی ہے اس لیے صارفین کو ہر وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top