ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے پر پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا

ٹک ٹاک انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کا اکاؤنٹ بند کر دیا ہے۔

شہباز گل نے اپنے اکاؤنٹ پر ریاستی اداروں کے خلاف شرانگیز بیانیہ پیش کیا اور غلیظ گفتگو کی جس نے عوامی سطح پر فساد اور کشیدگی پیدا کی۔

 شہباز گل کے بیانات پاکستان کے اداروں کے خلاف تھے اور ان میں ریاستی امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

شہبازگل کے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ویڈٰیوز کو ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور اسی وجہ سے ان کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ریاستی اداروں کے خلاف بیانیہ حالیہ برسوں میں تیزی سے بڑھا ہے۔

پارٹی کی قیادت اور اس کے بعض رہنما سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے مخالفین اور ریاستی اداروں کے خلاف مسلسل اور جارحانہ بیانات دے رہے ہیں۔

ان بیانات میں اداروں کے خلاف الزام تراشیاں، غلط معلومات پھیلانا اور بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس سے عوامی سطح پر شدید ردعمل پیدا ہوتا ہے۔

پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں اور حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد کی بھرمار ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں اکاؤنٹس پر پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔

ان اکاؤنٹس کے ذریعے ریاستی اداروں اور حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات، تشویش پیدا کرنے والی باتیں، اور منفی پروپیگنڈا پھیلایا جاتا ہے۔

Scroll to Top