عمران خان کی صحت سے متعلق ان کے بیٹوں کا بیان بے بنیاد ہے، ترجمان وفاقی حکومت

وفاقی حکومت کے ترجمان مشرف زیدی نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت کے حوالے سے ان کے بیٹوں کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ایک غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر عمران خان کی بہن زیادہ بہتر معلومات فراہم کر سکتی ہیں کیونکہ وہ گزشتہ دس دنوں میں دو بار ان سے ملاقات کر چکی ہیں۔

مشرف زیدی نے مزید کہا کہ عمران خان تقریباً 860 دن سے قید ہیں اور اس دوران وہ اپنی بہنوں سے 137 سے 140 بار ملاقات کر چکے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو ساڑھے تین ہفتے تک کسی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، کیونکہ ہر ملاقات کے دوران سکیورٹی مسائل پیدا ہو جاتے تھے اور یہ ملاقاتیں سیاسی شکل اختیار کر لیتی تھیں، چاہے وہ وکلا سے ہوں یا خاندان سے۔

حکومتی ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اور انتظامی عدم استحکام کا ایک طویل تسلسل رہا ہے، اور اس کی مثال ماضی میں بھی موجود ہے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال کے دوران کی صورتحال یاد دلائی جب نواز شریف جیل میں تھے اور اس وقت ملک میں عمران خان کی حکومت تھی۔

یہ بھی پڑھیں: قاسم خان اور سلیمان نے والد عمران خان سے ملاقات کیلئے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا

واضح رہے عمران خان کے بیٹوں نے ان کے والد کو قید تنہائی میں رکھنے اور ناقص کھانا فراہم کرنے سمیت تشدد جیسے حربے آزمانے کا الزام عائد کیا ہے۔

Scroll to Top