محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا میں سب انجینئرز کی بھرتی مکمل،تقررنامے تقسیم

محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا میں 58 نئے سب انجینئرز کی بھرتی کا عمل  مکمل کر لیا گیا۔

وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی نے نو تعینات سب انجینئرز میں تقرر نامے تقسیم کیے۔

اس موقع پر وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ سب انجینئرز کی بھرتی کا عمل ایٹا (ETEA) ٹیسٹ کے ذریعے مکمل کیا گیا، جس سے شفافیت، میرٹ اور انصاف کو یقینی بنایا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا بھرتیوں کے تمام عمل میں سفارش، اقربا پروری اور کرپشن کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق وزیراعلی امیرحیدر ہوتی کا سہیل آفریدی کو مشورہ

مینا خان افریدی نے امید ظاہر کی کہ نو تعینات سب انجینئرز دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے اور صوبے میں بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں انسانی وسائل کی بہتری اور شفاف نظام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ میرٹ پر کی جانے والی بھرتیاں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور حکومت آئندہ بھی اسی پالیسی پر عمل جاری رکھے گی۔

Scroll to Top