محکمہ تعلیم کے زیر نگرانی اسکولز گیمز: زخمی کھلاڑی کے علاج کے لیے تاج محمد ترند کا فوری نوٹس

شاہد جان
پشاور: بنوں سے تعلق رکھنے والے ہائی جمپ کے کھلاڑی کے زخمی ہونے کے واقعے پر وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل تاج محمد ترند نے فوری طور پر نوٹس لے لیا اور کھلاڑی کے بھائی سے رابطہ کیا۔

تاج محمد ترند نے زخمی کھلاڑی کے بھائی کو یقین دلایا کہ کھلاڑی کے علاج معالجے کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ زخمی کھلاڑی کو ہر ممکن طبی سہولیات، معاونت اور دیکھ بھال فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جلد صحتیاب ہو سکے۔

مشیر برائے کھیل نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح کو اولین ترجیح دیتی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متاثرہ کھلاڑی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہائی جمپ کا یہ مقابلہ محکمہ کھیل کے زیر اہتمام نہیں تھا بلکہ سکول کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔

تاج محمد ترند نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ محکمے کھلاڑیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

> مشیر برائے کھیل تاج محمد ترند نے اس موقع پر کہا کہ کھیل نہ صرف نصابی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہیں بلکہ غیر نصابی سرگرمیاں بھی طلبہ کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات نہیں کرے گی، شیخ وقاص

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ فروغ پاتی ہے جبکہ یہ سرگرمیاں انسانی صحت پر بھی نہایت مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔

> انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند معاشرے کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کو فروغ دیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو جسمانی طور پر مضبوط اور ذہنی طور پر توانا بنایا جا سکے۔

صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے کھیلوں کے محفوظ اور معیاری مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

Scroll to Top