پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات نہیں کرے گی، شیخ وقاص

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پارٹی موجودہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کرے گی اور تحریک انصاف کسی اشتعال انگیزی میں شامل نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ 8 فروری کو کال کی گئی تحریک تحفظ آئین پاکستان کے لیے ہے اور پی ٹی آئی اس تحریک میں بھرپور شرکت کی پابند ہے۔

انہوں نے رانا ثنا اللہ کی رائے کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا مقصد عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ فارم 47 والی حکومت کے پاس آئین سازی کا اختیار نہیں ہے اور کسی آئینی ترمیم میں پارٹی کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : مذاکرات میں اصل رکاوٹ کون؟ رانا ثنا اللہ نے سب کچھ واضح کر دیا

جبکہ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کی راہ میں اصل رکاوٹ خود پی ٹی آئی کے بانی عمران خان ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ وزیراعظم نے کسی پیشکش سے قبل نواز شریف یا اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں نہ لیا ہو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دوسرے یا تیسرے درجے کی قیادت ڈائیلاگ چاہتی ہے، لیکن جب تک بانی پی ٹی آئی کی ڈائیلاگ پالیسی واضح نہیں ہوگی، ملاقاتیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کا اختیار کسی کو نہیں دیا، اور علیمہ خان نے جو بات کی ہے، مذاکرات کرنے والے ان میں سے نہیں ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہیہ جام ہڑتال کا پیغام دیا ہے اور مذاکرات میں رکاوٹ صرف بانی پی ٹی آئی ہیں، جو 2011 سے آج تک مذاکرات میں رکاوٹ بنتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے بالکل واضح ہے، لیکن دوسری طرف ابہام موجود ہے۔

Scroll to Top